ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اپوزیشن کا اتحادسیاسی منظرنامہ پر ایک نئی تبدیلی ثابت ہو گا: جے رام رمیش

اپوزیشن کا اتحادسیاسی منظرنامہ پر ایک نئی تبدیلی ثابت ہو گا: جے رام رمیش

Tue, 18 Jul 2023 11:04:17    S.O. News Service

نئی دہلی، 18/جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) کانگریس کے 2  اہم لیڈران نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے سیاسی منظر نامہ پر اپوزیشن کا اتحاد سیاسی کھیل میں  ایک نئی تبدیلی ثابت ہو گا جبکہ بی جےپی پر تنقیدکی کہ جو لوگ علاحدہ علاحدہ اپوزیشن پارٹیوں کو شکست دینےکی بات کر رہے تھے،  وہ اب این ڈی اے میں نئی جان پھونکنے کی کوشش کر رہے۔

اپوزیشن پارٹیوں  کی دو روزہ اہم میٹنگ سے پہلےمنعقدہ پریس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اچانک این ڈی اے کی یاد آئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اسی لئے وہ این ڈی اے میں دوبارہ جان ڈالنے کیلئے جتن کر رہے ہیں ۔

اس سےپہلے این ڈی اےکے تعلق سے کوئی گفتگو نہیں کی جاتی تھی البتہ پچھلےکچھ دنوں سے ہم این ڈی اے کے تعلق سےپڑھ بھی رہے ہیں اور سن بھی رہےہیں ۔ حال ہی میں یہ خبر آئی ہے کہ کل این ڈی اے کی میٹنگ طلب کی گئی ہے۔میں سمجھتا ہوں کہ یہ پٹنہ میں ہونے والی میٹنگ کا نتیجہ ہے ۔‘‘

جے رام رمیش کے علاوہ کانگریس کے دوسرے جنرل سیکریٹری کے سی وینو گوپال نے کہا کہ ’’ عوام ان لوگوں کوسبق سکھائیں گے جو اقتدار سنبھالنے میں مکمل طو ر پر ناکام ہوگئے ہیں اور انہوں نے جھوٹے وعدوں سےعوام کا اعتماد حاصل کیا تھا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’26 اپوزیشن پارٹیاں اتحاد کےساتھ آگےبڑھنے کیلئے تیار ہیں جوعوام کے مسائل کے علاوہ ’’موجودہ آمرانہ حکومت ‘‘ سے نمٹنے کیلئے حل بھی تلاش کریں گی۔ یہی وجہ ہے کہ ہم آج یہاں اکٹھا ہوئے ہیں۔ یہ ہماری دوسری میٹنگ ہے جس میں ہم فیصلہ کریں گے کہ مستقبل میں ہمارے اقدامات کیا ہوں گے۔‘‘

وینو گوپال نے مزید کہا کہ20 جو لائی سے مانسون سیشن کا آغاز ہونےوالاہے جس میں اپوزیشن پارٹیاں اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں گی۔ ہمیں  امید ہےکہ یہ ملک کےسیاسی منظر نامہ پر ایک نئی تبدیلی ثابت ہو گی جبکہ ہمیں یہ دیکھ کر خوشی ہے کہ پٹنہ کی میٹنگ کے بعد جو افراد یہ کہتےتھےکہ ہم تنہا ہی پوری اپوزیشن کو شکست دینےکی طاقت رکھتےہیں، اب میٹنگوں پر میٹنگیں کر رہے ہیں ۔میں سمجھتا ہوں کہ یہی اپوزیشن کے اتحاد کی اصل جیت ہے


Share: